میسور و،یکم فروری(ایس اونیوز) محکمہ جنگلات میں جال کے سبب دو شیروں کی موت کے بعد ناگرہول نیشنل پارک کی سرحد کے اطراف سے جال کو ہٹانے کی بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے ۔تاحال محکمہ نے جنگلی جانوروں کو جال میں پکڑنے کے لئے بچھائی گئی 120سے زائد جالوں کو توڑدیا اور تقریباً 300 اسٹاف کو تعینات کیاجن کو گروپس میں تقسیم کیا گیا ۔ہر گروپ میں 5 ارکان ہیں۔ یہ ٹیمیں انے چوکور سے نانچی گیٹ کی تقریباً 17کلومیٹر پر پھیلی جنگل کی سرحد وں کے دونوں اطراف تعینات کی گئی ہیں، جنہوں نے 121جالوں کو برآمد کیا۔حکام نے کہا کہ یہ تمام جال نیشنل پارک کے باہر لگائے گئے تھے ۔ 31جالوں کا آنے چوکور میں پتہ چلا ہے جب کہ 23جالوں کو پونم پیٹ کے کلاہلا رینج میں توڑدیا گیا۔علاوہ ازیں نانچی گیٹ سے کالاہلا سرحد تک سرحدات پر واقع پارک کے اطراف 67جال پائی گئیں۔ آئندہ دو دنوں تک یہ کارروائی جاری رہے گی اور نیشنل پارک کے اطراف کی سرحد سے ان جالوں کو نکالا جائے گا۔